خوشگوار ازدواجی زندگی

March 16, 2022 2 years ago No Comments

  دین اسلام میں دلوں کو آپس میں جوڑنے اور باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے نکاح اور شادی جیسا مقدس رشتہ موجود ہے۔شادی ایک ایسا مذہبی فریضہ ہے جس کے سبب صحیح مکمل خاندان اور معاشرہ تکمیل پاتا ہے۔ پر سکون معاشرہ پر سکون ازدواجی زندگی سے مشروط ہے۔حضور صلی اللّہ علیہ وسلم نے فرمایا جس کا مفہوم ہے:"سب سے زیادہ بابرکت نکاح وہ ہے جس میں تکلفات اور خرچہ کم ہو اور سادگی کے ساتھ کیا جائے"

   ازدواجی زندگی صبر و تحمل،ہمدردی و غم خواری محبت اور الفت کی آئینہ دار ہوتی ہے۔اپنی زندگی کو پرمسرت بنانے کےلئے گھر کے ماحول کو خوش گوار بنانا اور قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

   میاں بیوی کو باغ و بہار کی طرح مہکتے رہنا چاہئے۔یہ اس کے دم سے ہے اور وہ اس کے دم سے ہے۔ زوجین تمام مصلحتوں،حکمتوں،اور تدابیر سے اس رشتے کو مضبوط بنائے رکھیں۔شادی کے بعد خوشیوں میں دراڈ اس وقت پڑنا شروع ہوتی ہے جب اس عظیم رشتے کا احساس تک باقی نہ رہے۔

   خوش گوار ازدواجی زندگی کی سب سے بڑی دشمن بد گمانی،غلط فہمی،مزاج کا تفاوت،منفی سوچ،خودساختہ معیار آزادی،سرکشی،نافرمانی،اور شکوک وشبہات ہیں۔کتنے ہی گھرانے اس کے سبب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔وجہ یہ ہے کہ اسلامی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا جاتاہے۔اگر زوجین انہیں اختیار کر لیں تو زندگی خوش گوار ہو جائے گی اور گھروں میں لڑائی جھگڑوں کی جگہ امن و سکون کی فضاء چھائی رہے گی۔

  میاں بیوی کا یہ رشتہ رفاقت کے احساس کو با وقار طریقےسے باقی رکھنے کا نام ہے۔اس لئے رفاقت کو اعتماد اور بھروسے کے ساتھ قائم رکھیے۔باہمی مفاہمت مسائل کا بہترین حل ہے۔اور ساتھ ساتھ اللہ سے دعائیں مانگتے رہئے۔

  خوش حال خاندان کے لئے ضروری ہے کہ زوجین ایک دوسرے کی قدر کرتے ہوں اور الفت و محبت سے رہتے ہوئے اپنے بچوں کی خوب،عمدہ اور احسن انداذ میں تربیت اور پرورش کرتے ہوں۔

  ایک دوسرے کے کھانے،پینے،پہننے،ذوق،پسند نہ پسند اور مزاج کا خیال رکھا جائے۔ دو میٹھے بول اپنے اندر لطف و سرور کا جہان رکھتے ہیں۔اور یہ شیریں بول بہت زیادہ تاثیری قوت رکھتے ہیں۔

  ایک دوسرے کی خواہشات،تقاضوں،اور نظریات کو سمجھیں،سنیں اور ہمدردی کا احساس کرائیں۔چھوٹی اور معمولی چیزوں کے لیے دلوں میں رنجشیں پیدا نہ ہونے دیں۔ انگلش کا موقولہ ہے:   To run a big show one should have a big heart۔ "ایک بڑا نظام چلانے کے لئے انسان کو دل بھی بڑا رکھنا چاہیے" کھلے دل سے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کیجئیے۔ زوجین کو تقوی کا حکم دیتے ہوئے قرآن میں فرمایا:"وتقوا اللّہ واعلموا انکم ملقوہ (بقرہ 223)" اللہ سے ڈرتے رہنا اور یاد رکھنا کہ تم کو اللہ سے ملاقات کرنی ہے۔"

  غصے کو پی جانا،عفودرگزر،حقوق و فرائض کی ادائیگی۔۔۔یہ وہ انمول جواہر ہیں جن سے کامیاب ازدواجی زندگی کی عمارت کو مضبوط اور پختہ بنایا جاسکتا ہے۔

 

 

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Recent Blogs